امریکہ اور قطر کا دہشتگردوں کی مالی امداد کیخلاف مشترکہ معاہدہ

امریکہ اور قطر کا دہشتگردوں کی مالی امداد کیخلاف مشترکہ معاہدہ

دوحہ : دہشتگردوں کی مالی امداد کی روک تھام کیلئے قطر اور امریکہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیاہے۔ اس معاہدے کے تحت قطر اور امریکہ مل کر دہشتگردنتظیموں کو ملنے والی مالی امدا د کا پتہ لگائیں گے اوراسکی روک تھام کیلئے اقدامات بھی کریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے دوحہ پہنچنے کے بعد آج اس اہم معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اسکے علاوہ دونوں ممالک کے وزراءخارجہ نے سعودی عرب سمیت تما م خلیجی ممالک کیساتھ جاری کشیدگی پر بھی بات چیت کی ہے۔
ریکس ٹلرسن نے دہشتگردی کی مالی مدد روکنے کیلئے قطر کی کوششوں کی تعریف کی ہے جبکہ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان نے اپنے امریکی ہم منصب سے خلیجی ممالک کی قطع تعلقی پر بات کرتے ہوئے ناکہ بندی ختم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ دنیامیں دہشتگردوں کو اکیلا کر کے ختم کرنا انکا واحد مقصد ہے اور وہ اس کام کیلئے قطر کیساتھ مل کرکام کریں گے۔
یاد رہے کہ عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد پہلی بار امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن سعودی عرب، کویت اور قطر کا 4 روزہ دورہ کر رہے ہیں ۔ انھوں نے اپنے اس دورے کا آغاز سعودی عرب سے کیا تھا ۔