الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین آمیز اشتہار پر نوٹس جاری کر دیا

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین آمیز اشتہار پر نوٹس جاری کر دیا
کیپشن: سیاسی جماعتوں کیلئے توہین آمیز زبان کے استعمال پر عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اشتہارات میں دوسری سیاسی جماعتوں کیلیے توہین آمیز زبان کے استعمال پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا جبکہ پیمرا کو خط لکھتے ہوئے کسی بھی جماعت کے اس قسم کے اشتہارات روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر پیمرا کو خط میں ہدایت کی ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کو اس قسم کے الفاظ والے اشتہارات نہ چلانے کی ہدایت کی جائے ۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابات ایکٹ 2017 کے تحت پریذائیڈنگ افسران ہی انتخابی نتائج کو مرتب کرنے کے بعد متعلقہ ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن کو اس کی ترسیل کا ذمے دار ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کا انتخابی نتائج کی ترسیل میںکسی قسم کا کوئی کردار ہو گا۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروںکیلیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پیرا 14 کے مطابق ان کا کردار محض اتنا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن پر پرامن ماحول فراہم کرینگے تاکہ پریذائیڈنگ افسر آسانی کے ساتھ انتخابی نتیجے کی ترسیل امیدواران یا ان کے ایجنٹس کی موجودگی میں کر سکے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشن پر فوجی جوانوں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دینے کی خبروں کو بھی غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں