پشاور دھماکہ : پی ٹی آئی نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا

پشاور دھماکہ : پی ٹی آئی نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

پشاور : پشاور میں خودکش حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے آج خیبرپختونخواہ میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔

پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ یکہ توت حملہ سفاکانہ اور قابل مذمت ہے۔ حملے میں اے این پی رہنما ور کارکنوں کی شہادت پر پورا ملک سوگوار ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی بلور خاندان اور اے این پی کا مکمل غم بانٹے گی۔پی ٹی آئی نے بلور خاندان اور اے این پی سے مکمل اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت آج خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ صوبے بھر میں پارٹی پرچم سر نگوں رہیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ رات پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک خود کش بم دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اسٹیج کے قریب ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید جبکہ 62 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔