اپوزیشن کیجانب سے حاصل بزنجو چئیرمین سینٹ کے متفقہ امیدوار نامزد

اپوزیشن کیجانب سے حاصل بزنجو چئیرمین سینٹ کے متفقہ امیدوار نامزد
کیپشن: اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے ممکنہ امیدوار حاصل بزنجو بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس اختتام کو پہنچ گیا۔ اجلاس میں نئے چئیرمین سینٹ کے امیدوار کیلئے حاصل بزنجو کا نام فائنل کیا گیا ہے۔ کنوینئر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کا نام اتفاق رائے سے تجویز کیا گیا اور تمام اپوزیشن جماعتیں میر حاصل بزنجو کو ووٹ‌ دیں‌ گی۔

اجلاس کی صدارت کنوینئر اکرم خان درانی نے کی۔ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، میاں افتخار، نیر بخاری، فرحت اللہ بابر، طاہر بزنجو، شفیق پسروری، ہاشم بابر اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ میر حاصل بزنجو، میر کبیر خان اور عبدالغفور حیدری چیئرمین سینیٹ کی دوڑ میں شامل تھے۔ سینٹر پرویز رشید اور راجہ ظفرالحق کے نام بھی چیئرمین کے لیے زیر غور آئے۔ اجلاس میں 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

ن لیگ کی جانب سے حاصل بزنجو کو چئیرمین سینٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا چئیرمین سینٹ ہٹایا جائے تو نیا چئیرمین بھی وہیں سے ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی محرومی کا خیال رکھنا ہو گا۔

اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر میر حاصل بزنجو کو چئیرمین سینٹ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا۔ کنوینئر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے مکمل طور پر غور کرنے کے بعد حاصل بزنجو کو مشترکہ طور پر امیدوار تجویز کیا ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں حاصل بزنجو کو ووٹ دیں گی۔