بائیڈن کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں رہے گا،ٹرمپ

بائیڈن کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں رہے گا،ٹرمپ

واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار پر سوشلسٹ ہونے کاالزام لگا تے ہوئے کہا کہ بائیڈن درحقیقت ڈیموکریٹ لیڈر برنی سینڈرز کے کٹھ پتلی ہیں، بائیڈن کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں رہے گا ۔

وینزویلا سے متعلق فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بائیڈن صدر بن گئے تو امریکا میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا کیونکہ ڈیموکریٹ ملک کو سوشلسٹ ہجوم کے حوالے کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن ، صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے سبکدوش ہونے والے برنی سینڈرز اور بائیں بازو کے انتہا پسندوں کی کٹھ پتلی ہیں۔انہوں نے کہا  کہ یہ وہی لوگ ہیں جو جارج واشنگٹن ، تھامس جیفرسن اور بنجمان فرینکلین جیسے لیڈروں کے مجسمے اور یادگاریں گرانا چاہتے ہیں، حد یہ ہے کہ یہ بائیں بازو کے افراد یسوع مسیح کا مجسمہ گرانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خود بائیڈن کو بھی پتا نہیں کہ ان کے دور میں امریکا ہوگا کیسا؟ صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ جو بائیڈن پولیس کا فنڈ ختم کرنا چاہتے ہیں، وہ پولیس کو دشمن کہتے ہیں اور عوام کو سوشلسٹ ہجوم کے رحم وکرم پر چھوڑنا چاہتے ہیں۔

جو بائیڈن کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پربات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہولناک صورتحال کا مقابلہ کر رہے ہیں، اس لیے ری پبلکنز کو چاہیے کہ وہ مضبوط ہوں۔

انہوں  نے دعویٰ کیا کہ بہت سے ایسے ڈیموکریٹس ہیں جو ان کے حامی ہیں، صورتحال اس کے برعکس ہے کیونکہ حال ہی میں ری پبلکنز کے ایک گروپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ صدرٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔