عمران خان کی کارکردگی نواز، شہباز شریف کے منصوبے پر نئی تختیاں لگانا ہے: مریم اورنگزیب

Imran Khan, performance, Nawaz Sharif, plan, Maryam Aurangzeb

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کی کارکردگی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبے پر نئی تختیاں لگانا اور پرانی اکھاڑنا ہے ۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب 3 سال میڈیا ، سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر آپ کی توجہ نہ ہوتی تو آج نواز شریف کی تختیاں اکھاڑنے کی ضرورت نہ پڑتی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کل کارکردگی جھوٹ ، بدزبانی ، بد کلامی اور بد اخلاقی ہے ۔

ترجمان ن لیگ کا وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران صاحب کی کارکردگی نواز شریف کڈنی ہسپتال کا نام بدلنا ہے ۔ سوات میں گردوں کے علاج کا ہسپتال سرکاری وسائل سے تعمیر نہیں ہوا تھا ، اس ہسپتال کی تعمیر نجی عطیات کے ذریعے ہوئی تھی جس میں کاروباری افراد ، مخیر حضرات ، شہریوں اور سرکاری ملازمین نے انفرادی حیثیت میں فنڈز دیئے تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدترین سیلاب کے بعد 2010 میں یہ ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا جو ایک ٹرسٹ ہسپتال ہے ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر میں کوششوں پر نواز شریف کے نام پر اس ہسپتال کا نام رکھا گیا ، افسوس چھوٹی گھٹیا ذہنیت عوام کی خدمت میں ناکامی پر کم ظرف حرکتیں کرتی ہے ۔

انہوں نے سوال کیا کہ خان صاحب ایٹمی پروگرام سے نواز شریف کا نام کیسے مٹاو گے ؟ ملک بھر میں موٹر ویز ، بجلی ، گیس اور ایل این جی کے منصوبوں سے کیسے تختیاں اتارو گے ؟ سی پیک منصوبے پر نواز شریف کا لکھا نام کیسے ہٹاو گے ؟

عمران صاحب عوام کے لئے سستی چینی ، گیس ، لوڈ شیڈنگ سے نجات پر نواز شریف کا نام کیسے مٹاو گے ؟ شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح بھی نواز شریف نے کیا تھا ، کیا اس کا نام بھی بدلو گے ؟ انہوں نے کہا کہ بائیس کروڑ عوام کے دل میں نواز شریف اور شہباز شریف کی خدمت کی تختیاں لگی ہوئی ہیں ۔