کورونا وائرس، اسد عمر نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو خبردار کر دیا

Coronavirus, Asad Umar, NCOC, PTI government, WHO

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا کے باعث سب سے زیادہ خطرہ ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں اسد عمر نے ایک بار پھر خبردار کر دیا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 72 لاکھ افراد کی عمر 50 سال یا اس سے زیادہ ہے ، اس عمر کے افراد کو کورونا کے سنگین اثرات کا سب سے زیادہ خطرہ ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ان میں سے 56 لاکھ افراد کو ویکسین کی ایک خوراک دی جاچکی ہے ، ایسے افراد کو جلد ویکسین لگانے کی ترغیب دی جائے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مزید 27 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہزار 582 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 48 ہزار 382 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.09 فیصد رہی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 73 ہزار 284 ہو گئی ۔