وزیر خارجہ تاجکستان روانہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرینگے

وزیر خارجہ تاجکستان روانہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرینگے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر تاجکستان   روانہ ہوگئے ہیں۔وزیر خارجہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 

نیوز نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کنٹیکٹ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے اور افغان امن عمل ،تیزی سے بدلتی  خطے کی صورتحال اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے ۔

وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان، کرغزستان، ازبکستان،افغانستان اور روس اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ  ملاقاتیں کریں گے ۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔وزیر خارجہ، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے ۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ، افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال پر یکساں لائحہ عمل اختیار کرنے اور ایس سی او ممبر ممالک کے درمیان کثیرا لجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہو گا۔