قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: وقار یونس

قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: وقار یونس

سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کو جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی وکٹیں عام طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی ہیں جبکہ بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین بہترین فارم میں ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے حارث رؤف اور حسن علی بھی باؤلنگ لائن میں پاکستان کا سہارا ہوں گے کیونکہ دونوں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال آئی سی سی ٹی20 ولڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاکستان رواں سال شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی رینکنگ میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے اور گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے شارٹ فارمیٹ اچھے نتائج حاصل کئے ہیں، ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے کے بعد سے قومی ٹیم اس فارمیٹ میں نئے جذبے سے میدان میں اتر رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں