افغان اہلکار نے فائرنگ کرکے 3 امریکی فوجی ہلاک کر دیئے

افغان اہلکار نے فائرنگ کرکے 3 امریکی فوجی ہلاک کر دیئے

کابل : افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان فوجی نے فائرنگ کر کے 3 امریکی فوجیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں سیکیورٹی پر تعینات افغان فوجی نے امریکی فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 فوجی موقع پر ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جس کے بعد جوابی کارروائی میں حملہ آور افغان اہلکار مارا گیا۔

افغان اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا مزید ایک امریکی فوجی دوران چل بسا جب کہ دوسرے زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ فائرنگ کا واقعہ اس صوبے میں پیش آیا جہاں چند ماہ قبل امریکا نے طالبان کے ٹھکانے پر غیرجوہری بم (بموں کی ماں) گرایا تھا۔ترجمان گورنر ننگر ہار عطا اللہ کوغیانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع ایچن میں پیش آیا جب کہ جوابی فائرنگ میں افغان اہلکار کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار ان کا وفادار تھا جس کا مقصد غیرملکی فوجیوں کو نشانہ بنانا تھا۔افغان اہلکار کی جانب سے امریکی فوجیوں کو نشانہ بنائے جانے کے متعدد واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں اور رواں سال مارچ میں افغان اہلکار نے صوبہ ہلمند میں فائرنگ کر کے 3 امریکی فوجیوں کو زخمی کردیا تھا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں 8 ہزار 400 امریکی فوجی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں جن میں سے 2 ہزار اہلکار دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں براہ راست حصہ لیتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔