انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 121 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 121 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا

انٹربینک میں ڈالرمہنگا ہونے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی اثر دیکھا جا رہا ہے۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں آج ڈالر 5 روپے 38 پیسے تک مہنگا ہوا اور 121 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 88 پیسے کمی ہو گئی جس سے ڈالر 119.50 روپے پر آ گیا۔

 

ڈالر کی قیمت میں اضافے پر فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا۔ ملک بوستان کا کہنا تھا کہ انٹربینک میں ڈالرمہنگا ہونے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی اثر دیکھا جا رہا ہے۔ اچانک سے انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہونے کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

 

مزیدپڑھیں: سپریم کورٹ نے فون کارڈ پر ٹیکس معطل کر دئیے

فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ انٹربینک میں تیزی سے روپے کی قدر میں گراوٹ رک گئی ہے۔ بڑھتا تجارتی خسارہ اور گرتے زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی کی گئی۔ روپے کی قدر میں کمی سے تجارتی خسارہ کم ہو گا اور برآمدات بڑھیں گی۔

 

ملک بوستان نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کرنا ہی تھی تو 20 سے 25 پیسے کرنی چاہیے تھی۔ ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی اشیا بھی مہنگی ہوں گی اور مہنگائی کی رفتار بڑھے گی۔

 یہ بھی پڑھیں: طیبہ تشدد کیس، مجرمان کی سزائیں 3 سال کر دی گئیں

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں مزید کمی پر مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مرکزی بینک کی جانب سے ڈالر کی قدر میں اضافے پر بیان جاری ہونے کا امکان ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں