ایران خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے: امریکا

ایران خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے: امریکا

واشنگٹن:امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزیف فوٹیل نے کہا ہے کہ ایران خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ جنرل فوٹیل نے امریکی سینٹ کی مسلح افواج کے امور کی نگراں کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کے ممالک کی سلامتی کے لیے ایران کا خطرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو عراق، شام اور دوسرے عرب ممالک میں ایرانی مداخلت پر گہری تشویش ہے۔ ایران عرب ممالک میں موجود اہل تشیع کی آڑ میں اپنے دیگر مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے اور ان ممالک میں اپنا اثرو نفوذ بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ خطے میں موجود امریکی فوج کو ایران نواز گروپوں کے حملوں کا بھی سامنا ہے۔ریڈیو وائس آف امریکا کے مطابق جنرل جوزیف فوٹیل نے کہا کہ ایران مشرق وسطی کے ممالک پر اپنا کنٹرول قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے کا استحکام تباہ وبرباد کرتے ہوئے اپنا اثرو نفوذ بڑھا سکے۔انہوں نے یمن کے ساحل کے قریب ایرانی بحری جہازوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔