امریکی خواتین فوجیوں کی برہنہ تصاویر کے سکینڈل کی مکمل تحقیقات کا اعلان

امریکی خواتین فوجیوں کی برہنہ تصاویر کے سکینڈل کی مکمل تحقیقات کا اعلان

واشنگٹن:امریکی خواتین فوجیوں کی برہنہ تصاویر کے سکینڈل کی مکمل تحقیقات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع نے خواتین فوجیوں کی برہنہ تصاویر کو انٹرنیٹ پر شائع کرنے کے سکینڈل کی مکمل تحقیقات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے تمام شعبوں میں مناسب کارروائی کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ یہ حرکت ناقابل قبول ہے جس میں کسی کی عزت نہیں جاتی اور ایک یونٹ کی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔میرینز کے اعلی اہلکار کے مطابق دس کے قریب خواتین فوجیوں نے آگے آ کر رسمی شکایت درج کرائی ہے۔جنرل رابرٹ نیلر کے مطابق انھیں امید ہے کہ تحقیقات میں مدد کے لیے مزید خواتین آگے آئیں گی۔
پینٹاگون میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل نیلر نے کہا ہے کہ انھیں اندازہ نہیں کہ تصاویر کو پوسٹ کرنے میں کتنے میرینز ملوث ہیں یا کتنے میرینز کو اس میں ہدف بنایا گیا۔اگر آپ اس قسم کے رویے میں کسی طرح سے بھی شریک ہیں تو آپ میری اور میرین کور کی مدد نہیں کر رہے۔
اس رویے سے ساتھی میرینز، خاندان کے ارکان اور سویلین کو ٹھیس پہنچی ہے۔امریکی بحریہ کے جرائم سے متعلق محکمے این سی آئی ایس نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کی ہیں جبکہ سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی اس معاملے پر آئندہ ہفتے ایک سماعت کرے گی۔این سی آئی ایس نے اس معاملے میں امریکی فوجیوں سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔