کسی رکاوٹ کے بغیر اداروں میں اصلاحات ہوتی رہنی چاہئیں: وزیراعظم  

کسی رکاوٹ کے بغیر اداروں میں اصلاحات ہوتی رہنی چاہئیں: وزیراعظم  

لاہور: پنجاب پولیس کے ڈیجیٹل سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہونا چاہیئے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ایسے معاملات میں تعطل آتا رہا۔ ماضی میں ادارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھانوں کی اصلاح اور بہتری کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انصاف کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیئے۔ شہریوں کو عام طور پر تھانوں سے شکایت رہتی ہیں۔ تھانوں میں ایمانداری اور خوش اخلاقی کو پروان چڑھایا جانا چاہیئے۔

وزیراعظم نے کہا جمہوری تسلسل سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔ ترقیاتی ملکوں کے طرح ہمیں بھی اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ چاہتا ہوں کسی بھی رکاوٹ کے بغیر اداروں میں ایسی اصلاحات آتی رہیں۔ ایسے تھانے چاہتے ہیں جس میں مظلوم اپنے آپ کو محفوظ سمجھے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا جب کسی شہری کے حقوق پامال ہوتے ہیں تو وہ ریاست سے فریاد کرتا ہے۔ نئے نظام کی مدد سے دور دراز تھانوں کا جائزہ لیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا تمام سیکیورٹی ادارے پی ایس ایل کی کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونیوالے قوم کے ہیرو ہیں۔ شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس سے پہلے سینٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد کی گئی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف نے شرکت کی۔ انہیں تھانوں میں بنائےگئےاستقبالیہ ڈیسک کی کارکردگی دکھائی گئی۔ آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کی سہولت پر بریفنگ دی گئی۔ جدید تقاضوں کو پورا کرتے تھانوں میں کمپلینٹ منیجمنٹ اور پولیس ریکارڈ سسٹم کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ وزیراعظم کو آئی جی آفس میں ہومی سائیڈ اور کرائم سین یونٹ کو فراہم کئے گئے نئے آلات اور گاڑیاں بھی دکھائی گئیں۔ وزیراعظم نے سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک سی سی ٹی وی کیمروں کے مانیٹرنگ روم کا دورہ بھی کیا۔

جامعہ نعیمیہ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا دہشت گرد پاکستان اور اس کے عوام کو سزا دینا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی کا خاتمہ علماء کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کے کلیدی کردار ادا کیا۔ خون کی ہولی کھیلنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ ہمیں فتووں سے آگے نکلنا ہو گا۔ دہشت گردی کے لیے دینی دلائل تراشے جاتے ہیں جبکہ دین کے نام پر انتہا پسندی پھیلائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی اور صوبے کے نام پر بھی نفرت کا کاروبار کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ نون نفرت کا کاروبار کرنے والوں کی سازش کو ناکام بنا دیگی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں