پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری
کیپشن: ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے وقت پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہنا ہوا تھا۔۔۔۔۔فوٹو/ ڈیرن آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے میچز کھیلنے آئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے فرنچائز چیئرمین جاوید آفریدی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے وقت پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے بانی پاکستان کے مقبرے پر پاکستان کا قومی پرچم بھی لہرایا۔

زلمی کپتان نے خصوصی طور پر مزار قائد کے ڈیزائن کو شاندار قرار دیا۔ اس موقع پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ عظیم قوم پاکستان کے بانی کے مزار پر حاضری اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کر کے کسی شعبے میں کامیابی ممکن ہے۔

ڈیرن سیمی نے قائداعظم میوزیم کا بھی دورہ کیا اور قائد اعظم کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء میں گہری دلچسپی لی۔