چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات دوپہر دو بجے متوقع ہے۔بلاول بھٹو کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی کوٹ لکھپت جیل جائیں گے جن میں صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ، سینیٹر مصطفیٰ نواز، پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ اور جمیل سومرو شامل ہوں گے۔پیپلزپارٹی چیئرمین نے نواز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور میں اپنا قیام مزید ایک دن بڑھا دیا تھا۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگی قائد سے ہفتہ کو ملنا چاہتے تھے تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں پیر کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹوزرداری کی نواز شریف سے ملاقات کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو درخواست دی تھی۔

پیپلز پارٹی چیئرمین ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت بارے دریافت کرنا چاہتے ہیں جب کہ ملاقات کے دوران ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔