افغان ضلع ننگرہار پر امریکی فضائی حملہ،13 شہری جاں بحق،2 گھر تباہ

افغان ضلع ننگرہار پر امریکی فضائی حملہ،13 شہری جاں بحق،2 گھر تباہ
کیپشن: Image by Najim Rahim/Associated Press

کابل: امریکہ کے افغانستان کے ضلع ننگر ہار میں فضائی حملے کے نتیجے میں 13 شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 گھربھی تباہ ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان ضلع ننگر ہار کے گاؤں ناصر خل میں ہونے والے امریکی فضائی حملے میں 2 گھر بھی تباہ ہو گئے جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

گورنر ننگر ہار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملے میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی مارا گیا۔دو روز قبل افغان فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 30 مبینہ طالبان کو ہلاک کر دیا تھا جب ک 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

گزشتہ ماہ 17 فروری کو بھی افغان سکیورٹی حکام نے آپریشن کے دوران طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کر کے تقریباً 32 طالبان کو ہلاک کر دیا تھا۔ جس میں اہم طالبان کمانڈر حمد اللہ بھی شامل تھا۔

سکیورٹی حکام کی جانب سے فضائی حملہ صوبہ اروزگان کے مرکزی شہر ترین کوٹ میں کیا گیا تھا جس میں 22 طالبان ہلاک ہوئے تھے۔سکیورٹی حکام کی جانب سے یہ فضائی کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی جب افغان طالبان اورامریکی حکام کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہونے جا رہا تھا۔