نیب کا شہباز شریف کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

نیب کا شہباز شریف کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
کیپشن: قومی احتساب بیورو لاہور نے کیس تیار کر کے نیب ہیڈکوارٹرز بھجوا دیا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل میں ضمانت کے خلاف قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا ہے جو رواں ہفتے عدالت عظمیٰ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو آشیانہ سکینڈل میں ضمانت کی درخواست قبول کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو لاہور نے کیس تیار کر کے نیب ہیڈکوارٹرز بھجوا دیا ہے جس کے بعد اپیل رواں ہفتے دائر کرنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب کو آشیانہ اقبال ہاوسنگ کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گزشتہ برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نیب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ سکیم کا ٹھیکہ لطیف اینڈ کمپنی سے غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کر پیراگون کی پراکسی کمپنی کاسا کو دلوانے کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔