پی ایس ایل کے بعد دنیا کی دو کرکٹ ٹیموں کا پاکستان آنے کا اعلان

پی ایس ایل کے بعد دنیا کی دو کرکٹ ٹیموں کا پاکستان آنے کا اعلان
کیپشن: تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

کراچی :پاکستان سپر لیگ کی شاندار پذیرائی اور کامیابی کے بعد دو غیر ملکی ٹیموں نے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کے اقدامات سے بین الاقوامی کرکٹ کی بہاریں پاکستان میں لوٹنے لگیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کھیلنے والے تقریبا تمام ہی غیر ملکی کھلاڑی کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ایکشن دکھا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایسوسی ایٹ کی ممبر مالدیپ کی کرکٹ ٹیم 10 روزہ دورے پر 19مارچ کو پاکستان پہنچے گی۔ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کراچی میں چار میچز کھیلے گی جبکہ مالدیپ کی ٹیم اکیڈمی اور جونیئر ٹیموں کیخلاف میچزکھیلے گی۔

دوسری جانب یہ بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ سویڈن کی کرکٹ ٹیم اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سابق پاکستانی کرکٹر آصف خان مالدیپ کی ٹیم کے کوچ ہیں، دورہ پاکستان میں وہ بھی اپنی ٹیم کے ساتھ آئیں گے۔