حکومت میرا علاج کرائے تماشا نہ بنائے، نواز شریف

حکومت میرا علاج کرائے تماشا نہ بنائے، نواز شریف
کیپشن: فائل فوٹو

 لاہور:  نواز شریف نے کہا ہے جو غلطیاں کیں سو کیں مگر اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، حکومت کچھ بھی کرلے جیل مجھے نہیں توڑ سکتی۔ 

تفصیلات کے مطابق ، بلاول بھٹو نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ بلاول نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو نے نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیشکش کی۔  اس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ علاج تو میں خود بھی کروا سکتا ہوں حکمران اجازت تو دیں۔ 

نواز شریف نے کہا کہ حکومت میرا علاج کرائے میرا تماشا تو نہ بنائیں، مجھے اسپتال لے جایا جاتا ہے بلڈ پریشر اور بلڈ ٹیسٹ کروا کر واپس جیل لے آتے ہیں علاج نہیں کراتے، بلاول صاحب ہم نے جو غلطیاں کیں سو کیں مگر اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، تسلیم کرتا ہوں کہ آئین کے آرٹیکل 62، 63 ختم کرنے کی پیپلز پارٹی کی پیشکش ٹھکرا کر غلطی کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل جیل سپرینٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ پورا وقت ملاقات میں موجود رہے اور نواز شریف کو ایک لمحہ بھی اکیلا نہیں چھوڑا گیا۔ نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں کی چائے سے تواضع کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف نے ملکی صرتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔