سلامتی کونسل نے امریکا طالبان ڈیل کی متفقہ توثیق کر دی

سلامتی کونسل نے امریکا طالبان ڈیل کی متفقہ توثیق کر دی
کیپشن: خیر سگالی کے جذبے کے تحت 1500 طالبان قیدی ہفتے کو رہا کئے جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکا اور افغان طالبان ڈیل کی متفقہ طور پر توثیق کر دی۔ افغان حکومت پر امن عمل کو آگے بڑھانے اور انٹرا افغان بات چیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

افغان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ افغان طالبان نے تشدد میں خاطر خواہ کمی کی تو بتدریج 5 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

صدر اشرف غنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت 1500 طالبان قیدی ہفتے کو رہا کئے جائیں گے جبکہ بقیہ 3 ہزار 500 قیدیوں کو مذاکرات شروع ہونے کے بعد آزاد کیا جائے گا جس کا انحصار حملوں میں نمایاں کمی پر ہو گا۔

واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 29 فروری کو امن معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکا نے افغانستان سے اپنی فوج بھی نکالنی شروع کر دی ہے۔

افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان کرنل سنی لیگیٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے  کہ امریکی فورسز کا انخلاء امریکا طالبان امن معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے۔