جھوٹی خبروں اور سعودیہ روس تنازع سے مارکیٹ گری، ٹرمپ

جھوٹی خبروں اور سعودیہ روس تنازع سے مارکیٹ گری، ٹرمپ
کیپشن: صارفین کے لیے اچھا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں، ٹرمپ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل اور اسٹاک مارکیٹس کریش کرنے کی وجہ جھوٹی خبروں کو قرار دے دیا۔ دنیا بھر کی معیشت کورونا وائرس کے باعث متاثر ہوگئی ہے اور ائیرلائنز، سیاحت سمیت کئی شعبوں کو اربوں ڈالرز کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

تیل کے معاملے پر جاری سعودی عرب اور روس کے درمیان تنازعے نے عالمی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازعے کی وجہ سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس بھی کریش کر گئی ہیں۔  اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انفلوئنزا سے پچھلے سال امریکا میں 37 ہزار افراد ہلاک ہوئے مگر کچھ بھی بند نہیں ہوا، معیشت اور زندگی چلتی رہی ہیں۔

انہوں نے کورونا وائرس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امریکا میں 546 مصدقہ کیسز ہیں اور 22 اموات ہوئیں لہٰذا اس بارے میں ذرا سوچیں۔

روس اور سعودی تنازع پر انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی پیداوار اور قیمتوں پر تنازع چل رہا ہے اور جھوٹی خبروں سے مارکیٹ گری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صارفین کے لیے اچھا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔