پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ اسلام آباد میں گر کرتباہ، پائلٹ شہید

پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ اسلام آباد میں گر کرتباہ، پائلٹ شہید
کیپشن: طیارہ 23 مارچ پریڈ کے حوالے سے ریہرسل کر رہا تھا کہ اسی دوران حادثہ پیش آیا۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب نہایت افسوسناک واقعے میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہو گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں جاری ہیں، اس دوران پاکستان ایئر فورس کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گرنے والا طیارہ ایف 16 ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو حادثے کی وجوہات معلوم کرے گا۔

طیارہ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب جنگل میں گرا اور زور دار دھماکے میں تباہ ہو گیا، حادثے کی مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔