روس اور چین کا چاند پر مشترکہ خلائی سٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ

روس اور چین کا چاند پر مشترکہ خلائی سٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ

بیجنگ/ ماسکو: چین اور اس کے اتحادی ملک روس نے ایک مشترکہ خلائی سٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو چاند پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

ابھی اس منصوبے میں صرف دو ممالک ہی شامل ہیں تاہم چین نے پوری دنیا کو پیشکش کی ہے کہ اگر کوئی اور ملک اس میں شامل ہونا چاہے تو اس کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

چین کے خلائی ادارے کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس خلائی پروگرام کا مقصد سائنسی تحقیق میں روس کیساتھ اپنے وسیع تجربات کو شیئر کرنا ہے۔

دونوں ممالک کی جانب سے اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ چاند پر قائم کیا جانے والا یہ جدید خلائی سٹیشن کب تک قائم ہوگا۔ تاہم اس حوالے سے امریکی میڈیا میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ چین اور روس چاند پر ایک تحقیقی مرکز قائم کرنے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سوویت یونین کے دور میں روس نے بہت حیران کن ترقی کی تھی۔ یہ دنیا میں پہلا ملک تھا جس نے خلا کی وسعتوں میں کسی بھی انسان کو پہلی بار بھیجا تھا لیکن سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد خلائی ٹیکنالوجی پر توجہ کم ہو گئی تھی۔

تاہم اب روس اور چین نے ایک دوسرے کیساتھ مل کر دوبارہ تاریخ رقم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔