عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ، سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا

عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ، سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا

کراچی: ملک بھر میں عالمی وبا کے ایک بار پھر پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا ہے۔

اس بات کا عندیہ صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے سکولوں کی دوبارہ سے بندش کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں موسم بہار کی تعطیلات نہیں ہوتیں، عالمی وبا کے پیش نظر خیبر پختونخوا اور صوبہ پنجاب کے چند شہروں میں ہی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی وبا کا پھیلاؤ صرف پاکستان کے تقریباً 12 شہروں میں ہی دیکھا گیا ہے۔ تاہم اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہو سکتا ہے کہ لاک ڈاؤن لگا دیا جائے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم کوشش کرینگے کہ طلبہ کے امتحانات کا انعقاد مقررہ وقت پر ہی کر دیا جائے کیونکہ اگر اس میں تعطل آ گیا تو بچوں کی پڑھائی کا بہت حرج ہوگا۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان کے بیشتر شہروں میں عالمی وبا کی صورتحال کشیدہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ سے سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ ان شہروں میں لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔