کون بنے گا چیئرمین سینٹ ؟ زرداری ،فضل الرحمن ٹیلی فونک رابطے کےبعد’’ نمبر گیم‘‘ سامنے آگئی

Zardari Fazal ur Rehman Phone Call Big Announcement

کراچی :سینٹ الیکشن سے ایک روز قبل ہی آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،دونوں رہنماؤں کا پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ،آصف علی زرداری نے چیئرمین سینٹ الیکشن سے متعلق بڑ ادعویٰ کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری ایک دفعہ پھر ایک زرداری سب پر بھاری والی گیم کیلئے متحرک ہو چکے ہیں ،سینٹ الیکشن سے ایک روز قبل ہی زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ پی ڈی ایم کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری حاصل ہے،یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں،انہوں نے کہا ہوم ورک مکمل ہے، تمام اراکین نے حمایت کا یقین دلایا ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کررہی ہے،حکومت نے ہمارے اراکین کو توڑا تو سب عوام کے سامنے لائیں گے، عمران خان کے منہ سے اخلاقیات کی باتیں اچھی نہیں لگتیں،ہمارے اراکین پر صادق سنجرانی کو ووٹ دینے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے،ہماری جیت کو شکست میں بدلا گیا تو سب نامعلوم سامنے لائیں گے،آصف علی زردای اور فضل الرحمن نے بڑادعویٰ کرتے ہوئے کہا نمبرز ہمارے پاس ہیں،حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کرکے ہی جیت سکتی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل مسلم لیگ  ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے ، ہمارے سینیٹرز کو فون کالز  کی جارہی ہیں، ہمارے سینیٹرز سے کہا جارہا ہے ۔ پی ڈی ایم امیدوار کو ووٹ نہ دیں، بعض سینیٹرز نے ثبوت ریکارڈ کرلئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ سینیٹرز نے ثبوت کو ریکارڈ کرلیا  ہے ۔مریم نواز نے مولانا فضل الرحمن کیا بیان بھی ری ٹویٹ کیا جس میں فضل الرحمن نے کہا کہ  ہماری جیت کو شکست میں بدلا گیا تو سب نامعلوم کو سامنے لائیں گے۔ 

پی ڈی ایم نے سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی کو امیدوار بنایا ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری کو امیدوار بنایا ہے۔ سینیٹ چیئرمین کے لیے انتخاب کل ہو رہا ہے۔ بظاہر اپوزیشن کو برتری حاصل ہے تاہم حکومت صادق سنجرانی کو انتخاب جتوانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔