پاکستان کرکٹ بورڈ کا پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے کا فیصلہ

 پاکستان کرکٹ بورڈ کا پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے کا فیصلہ
کیپشن: پاکستان کرکٹ بورڈ کا پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز 20 جون سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتوی ہونے والے میچز جون کے مہینے میں کراچی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خطرے کی گھنٹی بج گئی تھی جس کے بعد متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے اور کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایونٹ کو مسلسل دوسری بار ملتوی کرنا پڑا۔

 پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ ہر حال میں ملتوی ہونے والے میچز کروائے جائیں گے جس کے لیے ونڈو تلاش کی جائے گی۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہونے والے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ملتوی ہونے والے میچز جون میں کروائے جائیںگے۔

 پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مئی / اپریل اور اگست / ستمبر میں بین الاقوامی مصروفیات کے باعث جون کی ونڈو کو ایونٹ کے لیے سب سے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ ایونٹ کے بقیہ 20 میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی 13 مئی کو زمبابوے سے واپسی اور 26 جون کو انگلینڈ روانگی کے درمیان وقت میں شیڈول کیے جائیں گے۔

 پنجاب میں مون سون کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل کو کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ بائیو سیکیور ببل انتظامات کیلئے تھرڈ پارٹی سے خدمات لی جائینگی۔ فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا جائزہ لے رہے ہیں اور شدید گرمی کے دوران تمام میچز شہر قائد میں ہی ہوں گے۔