اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا دورہ پھر منسوخ کر دیا

 اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا دورہ پھر منسوخ کر دیا
کیپشن: اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا دورہ پھر منسوخ کر دیا
سورس: فائل فوٹو

تل ابيب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا دورہ ایک بار پھر منسوخ کردیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا دورہ ایک بار پھر منسوخ کر دیا ہے جس کی وجہ ان کی اہلیہ کی ناساز طبیعت بتائی جا رہی ہے۔ نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ کو اپینڈکس میں انفیکشن کی وجہ سے آج صبح اسپتال منتقل کیا گیا۔ 

دوسری طرف اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اردن کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کے طیارہ کو عرب امارات جانے کے لیے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے دورہ عین موقع پر منسوخ کیا گیا۔

خیال رہے کہ آج اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو متحدہ عرب امارات کے پہلے دورے پر ابوظہبی جانا تھا تاہم اس سے پہلے بھی نیتن یاہو عرب امارات کا دورہ منسوخ کر چکے ہیں۔

رواں ماہ اسرائیل کے لیے متحدہ عرب امارات کے پہلے سفیر محمد محمود الخاجہ تل ابیب کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔ تل ابیب پہنچنے پر اماراتی سفیر نے اسرائیلی وزیر خارجہ جابے اشکیناز سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے گذشتہ سال 15ستمبرکو سفارتی تعلقات معمول پر لانے کا معاہدہ کیا تھا۔ ترکی اور ایران نے بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔

ایرانی کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے بعد اب بحرین بھی اسرائیل کے جرائم کا شراکت دار ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بحرین کے حکمران اب صہیونی ریاست کے جرائم کی صورت میں خطے میں سیکیورٹی اور عالم اسلام کو لاحق خطرات کے شراکت دار ہوں گے۔ خطے اور فلسطین میں دہشتگردی، خونریزی اور مظالم کا ذمہ داری اسرائیل ہے۔