پی ٹی آئی کورکمیٹی نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کردیا

پی ٹی آئی کورکمیٹی نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کردیا
سورس: File photo

اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  پر اعتماد کا اظہار کردیا

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کااجلاس ہوا جس میں کورکمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے، تاہم کور کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں انتظامی بنیادوں پر تبدیلیاں ضروری ہیں۔اجلاس میں چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےانتخاب پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کامیاب ہوں گے، ہمارے سینیٹرز سے اب بھی رابطے کیےجارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ  صادق سنجرانی نے3 سال بہترین طریقےسےایوان چلایا ہے۔

کورکمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک  موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ پر بھی گفتگو کی گئی۔کورکمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم کولانگ مارچ کی اجازت دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لانگ مارچ کا مقصد عوامی مفاد نہیں، این آر او کا حصول ہے، پہلے دباؤ قبول کیا اور نہ آئندہ کسی دباو میں آؤں گا۔ اپوزیشن احتجاج کی سیاست کے زریعے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں بہت محنت اور مشکل سے معیشت کوسنبھالا ہے۔ میں میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ یاد رکھیں ہم اقتدار کے لیے نہیں، نظام کی تبدیلی کے لیے آئے ہیں  اور ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں نئے انتخابات سمیت سارے آپشنز مدنظر رکھنا پڑیں گے، ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پرامن احتجاج کی اجازت دیں گے، قانون ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔