ایکنک نے سیالکوٹ سے کھاریاں تک موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا

ایکنک نے سیالکوٹ سے کھاریاں تک موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا
کیپشن: ایکنک نے سیالکوٹ سے کھاریاں تک موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سیالکوٹ سے کھاریاں تک 69 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ موٹروے پر 43.38 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ورلڈ بنک کے تعاون سے 13.26 ارب روپے سے خیبر پختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ منصوبے سے کے پی کی 84 لاکھ آبادی اور 5 لاکھ مہاجرین کو معیاری صحت عامہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔

اجلاس میں شکار پور سے راجن پور انڈس ہائی وے پر اضافی دو لائن تعمیر کرنے کی منظوری دی جبکہ اس منصوبے پر 44.70 ارب لاگت آئے گی جس میں اے ڈی بی 40.23 ارب دے گا۔

اجلاس کے دوران سمبڑیال سے کھاریاں تک 69 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ موٹروے پر 43.38 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ سوات موٹروے فیز 2 کی چکدرہ سے فتح پور تک تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ سوات موٹر وے فیز میں زمین کی خریداری کیلئے 20 ارب خرچ ہوں گے۔

اجلاس میں سندھ کے قحط سے متاثرہ علاقوں میں 24.49 ارب روپے سے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا، بلوچستان کے 11 اضلاع میں زراعت اور آبپاشی کیلئے 14.74 ارب سے آبی وسائل کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ بلوچستان میں بسول دریا پر 18.67 ارب سے ڈیم بنانے کا منصوبہ منظور کر لیاگیا۔ دادو میں نئی گاج ڈیم کے دوسرے فیز کیلئے 46.98 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ آزاد جموں کشمیر میں 11.37 ارب سے جاگران میں 48 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور سٹیشن لگانے کی منظوری مل گئی۔