پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر، زیادہ تر افراد میں کون سا وائرس پایا گیا؟ یاسمین راشد کا تہلکہ خیز انکشاف

پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر، زیادہ تر افراد میں کون سا وائرس پایا گیا؟ یاسمین راشد کا تہلکہ خیز انکشاف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے چار اضلاع میں 70 فیصد برطانوی طرز کا کورونا وائرس پایا گیا ہے اور اس کا انفیکشن بھی ووہان وائرس کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں برطانیہ سے آئے کورونا وائرس نے انٹری دیدی ہے جس نے  پنجاب تباہی مچا رکھی ہے۔ وزیر صحت پنجاب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور، جہلم، اوکاڑہ اور گجرات میں 70 فیصد کورونا وائرس برطانوی طرز کا ہے، ان چاروں اضلاع کے رہائشیوں کی بڑی تعداد کا برطانیہ سے آنا جانا بہت زیادہ ہے جبکہ اس کی شدت تو ووہان وائرس جیسی ہی ہے مگر یہ اس کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 41 مقامات پر سمارٹ اور 4 ہزار مقامات پر مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن ہے جبکہ لاہور میں 17 اور پورے پنجاب میں کورونا کے 36 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔پنجاب میں 34 لاکھ اور تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ 87 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ لاہور میں کورونا کے 8 فیصد کیسز کی وجہ سے سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ تفریحی پارکس شام 6 بجے بند کر دئیے جائیں گے اور دفاتر کے 50 فیصد ملازمین بھی گھروں سے کام کریں گے جبکہ سینما گھر اور مزارات کھولنے کا فیصلہ بھی واپس لیا جا چکا ہے۔ قبل ازیں وزیر صحت پنجاب نے ایکسپو سینٹر لاہور میں قائم ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا جہاں سیکرٹری صحت نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ یہاں 4 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کر چکے ہیں۔