چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب، مریم نواز کی ٹویٹ پر شہباز گل کا جوابی ’وار‘

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب، مریم نواز کی ٹویٹ پر شہباز گل کا جوابی ’وار‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنماءاور وزیراعظم عمران خان کے معان خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار (ن) لیگ کا ہے تو آئیں اسے ووٹ دیں۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’حیثیت کی بات وہ بھی مفرور والد کی تیمارداری کے بہانے ضمانتی سرٹیفائیڈ جعلساز کے منہ سے۔۔۔ واہ۔ اس جماعت کی سیاسی حیثیت کے بارے میں کیا خیال کہ جس کو گھسیٹنا تھا اسی سے سیاسی بقاءکی بھیک مانگ رہے ہیں، جس کو نااہل کرایا اسی کو سینیٹر بنوایا۔ ڈپٹی چیئرمین (ن) کا ہے تو آئیں اسے ووٹ دیں۔‘ 

bb3ee67468f142f4cd32fdb0908ea0ba


قبل ازیں مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا ’اس جماعت کی کیا سیاسی حیثیت یا عزت ہو گی جو سینیٹ میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود اپنی جماعت کے رکن کو چیئرمین کیلئے نامزد نا کر سکے اور اس کیلئے اس کو اسٹیبلشمنٹ کے آگے ناک رگڑنی پڑے اور جس نے ڈپٹی چیئرمین کیلئے (ن) لیگ ہی کے سینیٹر کو نامزد کر دیا!‘ 

963781e1cefad5bfc767f6d41d4e58d7

واضح رہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جمعہ کے روز ہو گا جس کیلئے اجلاس طلب کیا جا چکا ہے اور صدر مملکت عارف علوی نے جے ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین کو  کل کے سینیٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر مقرر کر دیا ہے جو ناصرف اجلاس کی صدارت کریں گے بلکہ نئے اراکین سے حلف لینے کے علاوہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے۔ 

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادیوں نے  چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کر رکھا ہے جبکہ مرزا آفریدی حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں جنہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نامزد کیا۔  دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کیلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے نام کی منظوری دی گئی تھی جبکہ عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔