مولانا فضل الرحمان کی دھمکی کام کر گئی

مولانا فضل الرحمان کی دھمکی کام کر گئی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی دھمکی کام کر گئی، گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز واقعے میں گرفتار ہونے والے جے یو آئی کے ارکان اسمبلی اور کارکنان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق گرفتار  جے یو آئی  ارکان اسمبلی اور کارکنان رہا ئی کے بعد اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے ہیں۔ ترجمان جے یو آئی نے پی ڈی ایم اور دیگر سیاسی قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ فضل الرحمان نے رات گئے ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی رہائی کیلئے صبح نو بجے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

یاد رہے کہ  جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیاسی کشمکش اور سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں کو پارلیمنٹ لاجز کی سیکورٹی کیلئے بلایا تھا ، مولانا فضل الرحمان کا کہنا  تھا کہ اسلام آباد کی پولیس ہمارے ایم این ایز کو اغواء کرنا چاہتی ہے جن کے تحفظ کے لئے ہمارے رضاء کار پہنچے ہیں، ہم اپنے ایم این ایز کا تحفظ خود کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم پارلیمنٹ لاجز میں موجود انصار الاسلام کے کارکنان کیخلاف پولیس کی کاروائی کے بعد حالات بے قابو ہو گئے ،پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے  پارلیمنٹ لاجز سے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی سمیت جے یو آئی کے چھ سے سات کارکنان  اور انصار الاسلام کے متعدد رضا کاروں کو گرفتار کر لیا ،پولیس کی دھکم پیل میں پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق دروازہ لگنے سے زخمی ہوگئے ۔

 کارکنوں کی گرفتار ی کےبعد مولانا فضل الرحمن نے پورے ملک سے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دیدی،فضل الرحمن نے کہا اگر کوئی بھی اسلام آباد نہیں پہنچ سکتا تو وہ اپنے اپنے شہر میں احتجاج کریں ۔ انہوں نے گرفتار کارکنان کی رہائی کیلئے آج صبح 9 بجے کا الٹی میٹم دے رکھا تھا۔

مصنف کے بارے میں