ن لیگی ایم این اے سمیت 6 ملزمان پر فرد جرم عائد

ن لیگی ایم این اے سمیت 6 ملزمان پر فرد جرم عائد
کیپشن: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اور رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 6 افراد پر فرد جرم عائد کی۔۔۔۔۔فوٹو/اسکرین گریب

لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ وسیم سمیت 6 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی تمام ملزمان کو جواب دینے کیلئے 7 روزکی مہلت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے قصور عدلیہ مخالف احتجاج کرنے والے ارکان اسمبلی سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: 'میرے نزدیک ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ نسل کشی ہے جس پر سوموٹو لینا پڑا'

فل بنچ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اور رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 6 افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔ ارکان اسمبلی نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

مقامی لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی عدلیہ کا احترام کرتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں اور غیر دانستہ طور پر جرم سرزد ہوا۔ فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا لیڈر بھی سارا دن یہی کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب کے نام پر ہمیشہ جمہوریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، طلال چوہدری

تین ملزموں کے وکلا کی جانب سے غیر مشروط معافی کی استدعا کی گئی جس پر فل بنچ نے قرار دیا یہ کورٹ آف لاء ہے یہاں کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہو گا بلکہ قانون کی حکمرانی ہو گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ارکان اسمبلی کیخلاف توہین عدالت کی مزید کارروائی 18 مئی تک ملتوی کر دی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں