تاریخی ٹیسٹ پر تاریکی چھاگئی، ابر ِرحمت نے آئرلینڈ کو پریشان کر دیا

 تاریخی ٹیسٹ پر تاریکی چھاگئی، ابر ِرحمت نے آئرلینڈ کو پریشان کر دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

ڈبلن: ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 11ویں ملک کا اعزاز پانے کیلئے بے تاب میزبان ٹیم آئرلینڈ خراب موسم سے پریشان ہوگئی۔پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین تاریخی ٹیسٹ میچ بارش کے باعث تاحال شروع نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ عالمی کرکٹ میں ٹیسٹ کھیلنے والے11ویں ملک کے طور پر اپنا نام درج کرانے کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے ، اس سے قبل نومبر 2000ءمیں بنگلہ دیش اس فہرست میں شامل ہونے والا آخری ملک بنا تھا، مالاہائیڈ کرکٹ کلب گراو¿نڈ، ڈبلن پر پاکستان کیخلاف میچ سے نئی تاریخ رقم ہونی ہے مگر موسم نے منتظمین کو پریشان کر دیا۔

گزشتہ روز بارش نے دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشنز متاثر کیے، پاکستان ٹیم نے میدان میں آنے سے گریز کیا، میزبان کرکٹرز نے وقفوں میں ٹریننگ جاری رکھی،ٹم مرٹیگ اور دیگر پیسرز نے سکواڈ کو جوائن کرنے کے بعد مشقوں میں حصہ لیا،آئرلینڈ کے اولین میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے،منتظمین کی جانب سے کہا گیا کہ اس بات کی ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ سٹیڈیم آنے والے شائقین کو موقع پر ٹکٹ دستیاب ہوسکیں گے۔

دوسری جانب خراب موسم کے باعث ابھی تک پچ سے کور ز نہیں ہٹائے جاسکے ہیں اور ٹاس مقررہ وقت پر نہیں ہوسکے گا ، امپائرز موسم کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور موسم صاف ہوتے ہی میچ شروع کروادیا جائے گا۔جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور قومی کپتان سرفراز احمد نے واحد ٹیسٹ میچ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا، امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔