اگر کرپشن ہے توسامنے لاؤ، ورنہ استعفیٰ دو اور گھر جاؤ ، مریم نواز

اگر کرپشن ہے توسامنے لاؤ، ورنہ استعفیٰ دو اور گھر جاؤ ، مریم نواز
کیپشن: فوٹو: فائل

ملتان : سابق وزیر نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماءمریم نواز نے کہا ہے کہ 2 دہائیوں سے نوازشریف کا احتساب کرکے10روپے کی کرپشن نہیں ملی۔ اگر کرپشن ہے توسامنے لاؤ، ورنہ استعفیٰ دو اور گھر جاؤ ۔

قاسم باغ ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خلائی مخلوق کے اسکرپٹ میں دھرنے اور لاک ڈاون تھے، مخالفین کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے،اسکرپٹ میں یہ نہیں تھا کہ نواز شریف ڈٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا مقابلہ عمران خان کے بڑوں کیساتھ ہے،زردار ی عمران بھائی بھائی ہیں۔ووٹ کو 70سالوں میں کسی نے عزت نہیں دی۔ووٹ کوعزت دلانے کا مقدمہ 70سالہ پرانا ہے۔لیکن اب اس مقدمے کو لڑنے والا پیدا ہوگیاہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں۔نوازشریف نے ووٹرزکی طاقت کو جھکنے نہیں دیا۔نوازشریف نے اپنی 3نسلوں کا ساتھ دیا۔حساب لینے والے تھک گئے،سر پکڑ کربیٹھ گئے لیکن نوازشریف تھکا نہیں۔کچھ لوگ سازشیں کرتے کرتے تھک گئے۔مریم نواز نے کہا کہ یہ قافلہ بلوچستان سے جنوبی محاذتک قافلہ پہنچا۔لاڈلے کی نیازی سروسز، جعلی این اوسی، آف شور کمپنی بھی حلال ہے۔وہ جوکہے کہ 2013ءمیں فوج نے نوازشریف کی مدد کی تھی اگر مدد کی تھی توپھر تم کے پی میں کیسے جیت گئے؟ آپ بزدل ترین انسان ہو ،کرسی پر بیٹھے شخص کو سلام کرتے ہو۔ جب کوئی کرسی پر ہوتوتم سلام کرتے ہو،اور جب کوئی کرسی سے اترجائے توتم کہتے ہو کہ نوازشریف کے ساتھ تھا۔