عمران خان ملتان آکر خیبرپختونخوا سے مواز نہ کر لیں، کرایہ میں دوں گا، نواز شریف

عمران خان ملتان آکر خیبرپختونخوا سے مواز نہ کر لیں، کرایہ میں دوں گا، نواز شریف
کیپشن: فوٹو:سکرین شاٹ

ملتان : سابق وزیراعظم نوازشریف نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی محاذ والوں کے ساتھ ایک لاڈلہ بھی بیٹھا تھا، ان کو کہتا ہوں آو دیکھو یہ ہے جنوبی پنجاب، 2018 کے انتخابات میں جنوبی پنجاب نواز شریف کے پیچھے محبت بھر ا پیغام لے کر کھڑا ہوگا۔ انہوں نے عمران خان کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملتان آکر خیبرپختونخوا سے مواز نہ کر لیں، کرایہ میں دوں گا۔

قاسم باغ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوا زشریف کا کہناتھا کہ زندگی میں کافی بارملتان آیا ہوں لیکن لوگوں کا جو سمندر آج دیکھ رہا ہوں وہ میں نے کبھی نہیں دیکھا ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ باقی زندگی ملتان والوں کے ساتھ گزار دوں ،آج پورا ملتان جلسہ گاہ بنا ہوا ہے۔

انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ٹھیکیداروں ! آو دیکھ لو یہ ہے جنوبی پنجاب جو میری محبت میں یہاں کھڑا ہے جبکہ میرے پاس ملتان والوں کی محبت کا کوئی جواب نہیں ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج 66ویں پیشی بھگت کر آرہا ہوں،نوازشریف نے آپ سے کیاگیاایک ایک وعدہ پورا کیا، آج ملک میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ ماضی میں 18،18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ، دہشتگردی کا آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیااور اس کا خاتمہ کیا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خودعمران خان کہتا ہے کہ یہ فیصلہ کمزور فیصلہ ہے،ہم اس فیصلے کو بدل دیں گے،اس طرح کے فیصلے صرف پاکستان میں ہوتے ہیں کسی اورملک میں نہیں، آپ عوام نے اتنے ووٹ دینے ہیں کہ ہم اسمبلی میں جاکراس فیصلے کوبدل دیں۔