سرفراز کو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے،مصباح الحق

سرفراز کو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے،مصباح الحق

کراچی : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان مصباح الحق نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں بیٹنگ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم سے اچھی امیدیں ہیں تاہم اگر کھلاڑی مناسب منصوبہ بندی اور متحد ہو کر کھیلے تو بہتر نتائج آ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کو بیٹنگ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے پانچویں نمبر پر آنا چاہیے، کپتان کو انگلینڈکیخلاف ٹی 20 میچ میں بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا۔

کراچی میں رمضان کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اس سے کھلاڑیوں کا بہت فائدہ ہے۔یہ بات قابل غور ہے کہ غیر مستقل مزاج پاکستانی ٹیم نے کپتان سرفراز احمد کے بیٹنگ آرڈر سے چھیڑ چھاڑ میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ،انگلینڈ کیخلاف سیریز سے شروع ہونے سے قبل انھوں نے 10اننگز بطور اوپنر کھیلیں،9میں چوتھے، 10 میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے،20بار چھٹے اور 12بار ساتویں نمبر پر کھیلے،ان میں سے ان کی سب سے بہترکارکردگی پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے رہی،اس پوزیشن پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے 50سے زائد کی اوسط اور 92کے سٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔

اس حوالے سے سرفراز احمد نے کہاکہ میں نے ورلڈکپ میں چوتھے یا پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کا ذہن بنایا ہے،ایک طویل ٹورنامنٹ میں بیٹنگ آرڈر مستحکم اور ہر کسی کو اپنے کردارکا اندازہ ہونا چاہیے، البتہ ہم اتنی لچک ضرور رکھیں گے کہ ضرورت کے مطابق تھوڑی بہت تبدیلی کرسکیں، اگر اننگز کے کم اوورز باقی ہیں تو عماد وسیم یا آصف علی کو پاور ہٹنگ کیلئے جلد بھیج سکتے ہیں۔

کپتان نے کہا کہ ماضی میں سٹرائیک ریٹ کم رہنے کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم سنگلز، ڈبلز لینے میں تھوڑا پیچھے تھے،اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے کام کیا ہے۔