عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے، شیخ رشید کا دعویٰ

عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے، شیخ رشید کا دعویٰ
کیپشن: ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے پر ایک ارب روپے کا بوجھ بڑھ گیا ہے، وفاقی وزیر۔۔۔۔۔فوٹو/ شیخ رشید آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو تباہ شدہ حال میں معیشت ملی ہے اور آج ملک کے حالات آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گینگ آف فور نے اس ملک کو نوچا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ لندن جانا ہے یہ فرشتوں کے ساتھ بھی ڈیل کریں گے۔ عمران خان کے بچوں اور نواز شریف کے بچوں میں فرق ہے کیونکہ عمران خان کی بیوی ملک میں ہے۔ جو شخص 4،4 دفعہ وزیراعظم اور وزیراعلی رہا ہو اس کو جیل چھوڑنے کے لیے بس 500 یا 600 لوگ ساتھ تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر 15 روز میں عمل درآمد کی کوشش کریں گے اور ریلوے ایس پی کو تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ سرکلر ریلوے کی زمین پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش ہو گی اور اس حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

جہانگیر ترین کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کام کا آدمی ہے لیکن وہ ضائع ہو چکا ہے کیونکہ وہ عدالتی فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ہو چکے ہیں۔ عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے اور اسد عمر جلد ہی دوبارہ کابینہ میں آ رہے ہیں۔

ریلوے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے پر ایک ارب روپے کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ اس لئے کرائے ناموں میں اضافے ناگریز ہیں اور اکانومی کلاس کا 50 روپے تک کرایہ بڑھائیں گے۔