سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولت فراہم کی جائیں، وزیر اعظم کی ہدایت

 سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولت فراہم کی جائیں، وزیر اعظم کی ہدایت
کیپشن: iamge Source: PTI Official Twitter Account

لاہور:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مالی وسائل محدود ہوتے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ 

تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مشترکہ زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس مالی وسائل محدود ہوتے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مختلف ماڈلزکولاگو کیاجائے تاکہ حکومت پر کم بوجھ پڑے۔

وزیر اعظم کو کابینہ اجلاس میں آیندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پربریفنگ بھی دی گئی، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ہنر مند افراد کیلیے روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں، ہماری سب سے بڑی قوت ہماری افرادی قوت ہے، زراعت کے فروغ اورپیداوارمیں اضافے کیلیے مخصوص پروجیکٹ شروع کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پر 12 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، یہ پیساصحت اور تعلیم کے لیے مختص کیا جا سکتا تھا. وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہونا چاہیے۔  منصوبے کی مدت تکمیل اورفعالیت کومدنظررکھتے ہوئے تشکیل دیا جائے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری کے طریقہ کارکو آسان بنائیں اور  ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کریں۔