بھارت: لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی میں تاخیر پر جوڑے نے خودکشی کرلی

بھارت: لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی میں تاخیر پر جوڑے نے خودکشی کرلی


نئی دہلی:بھارت میں جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی میں مسلسل تاخیر سے دلبرداشتہ ہو کر جوڑے نے خودکشی کرلی۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانا میں 22 سالہ پنڈور گنیش اور20 سالہ سوام سیٹھبائی کی لاشیں ان کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر واقع کھیتوں میں ملیں۔اس ضمن میں پولیس نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دونوں خاندانوں نے شادی کی تقریب موخر کردی تھی جس پرجوڑا افسردہ تھا۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔البتہ پولیس یہ بتانے سے قاصر تھی کہ ان کی موت کیسے ہوئی لیکن انہوں نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ تلنگانا میں 22 مارچ کو لاک ڈاون نافذ ہوا تھا جس کے باعث ہزاروں شادیاں منسوخ ہوگئی تھیں۔واضح رہے کہ یکم مئی کو بھارت میں کورونا وائرس کے عدم پھیلا ؤکے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کردی گئی تھی۔

یاد رہے کہ بھارت میں مجموعی طور پر 56 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔کورونا وائرس سے متعلق عالمی سطح پر دستیاب مستند اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں وائرس سے اب تک 2 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔