غریب عوام کی حالت زار کے پیش نظرلاک ڈائون میں نرمی کاسخت فیصلہ کرناپڑاہے:سینیٹرشبلی فراز

غریب عوام کی حالت زار کے پیش نظرلاک ڈائون میں نرمی کاسخت فیصلہ کرناپڑاہے:سینیٹرشبلی فراز


اسلام آباد:اطلاعات ونشریات کے وزیرسینیٹرشبلی فرازنے کہاہے کہ لاک ڈائون میں نرمی ایک پرخطر اقدام ہے مگر غریب عوام کی حالت زار کے پیش نظر ہمیں ملک کے وسیع ترمفاد میں یہ سخت فیصلہ کرناپڑاہے۔

انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس کے تدارک کے لئے لوگوں کے مسائل حل کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ذمہ داری بھی حکمران جماعت پر عائد ہوتی ہے۔

وزارت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی یہ شدیدخواہش ہے کہ ثقافت ، اقدار اورتاریخ کو فروغ دینے کے ساتھ اہم اداروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس پی ٹی وی اورریڈیو پاکستان جیسے ادارے ہیں جوموجودہ حکومت کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی اوردوسرے کاموں کواجاگر کررہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ کوروناوائرس کے تناظرمیں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کااجلاس بلانے کامقصدصرف سیاسی فائدہ حاصل کرناہے موجودہ صورتحال میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہونا چائیے تھا۔ اس موقع پر پارلیمنٹ اجلاس بلانا سیاسی پوائنٹ سکورننگ کیلئے ہے جو رہنما اجلاس بلانے کے بیانات دیتے تھے وہی نہیں آئیںگے۔

میرے خیال میں چند ہفتے تک پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہونا چاہیے تھا۔اپوزیشن کی ریکوزیشن پرپارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جارہا ہے، شبلی فراز نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان پر الزامات سے متعلق مجھے علم نہیں مجھے نہیں پتہ وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کو وزارت سے کیوں ہٹایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے بہت کام کیے مگر ہم انہیں ٹھیک پروجیکٹ نہیں کر پائے۔

شبلی فراز نے کہاکہ میرے تعلقات اعظم خان سمیت سب کے ساتھ ٹھیک ہیں۔وزارت اطلاعات کا کام اپنے بجائے حکومتی اقدامات کی تشہیر ہے۔ فاروق نائیک کامسودہ تیار کیا تھا اپوزیشن ایسا نیب قانون چاہتی ہے کہ ان کی قیادت کو چھوڑ دیا جائے ۔ وہ معاشرہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا جس میں احتساب نہ ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر اور انکم ٹیکس کی ازسرنو تشکیل کرکے اسے آزادکرنا چاہیے۔

نیب کو ماضی میں سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا گیا ۔ نیب کی ریکوری کیسز کی شرح 25 سے 30 فیصد ہے۔18 ویں ترمیم سے متعلق اپوزیشن سے فی الحال بات نہیں ہوئی۔ این ایف سی ایوارڈمیں تبدیلی کی جائے گی۔