شہبازشریف کا نوازشریف اور فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ

شہبازشریف کا نوازشریف اور فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کا حکومت مخالف تحریک چلانے کا معاملہ ، پارٹی صدر شہباز شریف نے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ تینوں قائدین کی حکومت کو گھر بھیجنے کےلئے اہم نکات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شہباز شریف کی تجویز پر مسئلہ کشمیر کو پی ڈی ایم کے ایجنڈے میں اہم جز بنانے کا فیصلہ ۔

حکومت کے خلاف عید کے بعد بڑا میدان لگانے کے لیے شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف سے مشاورت کی ہے ۔ ترجمان ن لیگ کے مطابق عید الفطر کے فوری بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت کے خلاف فیصلہ کن راؤنڈ کے لیے مولانا فضل الرحمان عید الفطر کے بعد پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے جس میں شہباز شریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے ۔

ن لیگ کے مطابق تینوں رہنماؤں کا ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کو روکے جانے کے خلاف عدالت جانے پر اتفاق کیا گیا اور عید الفطر کے بعد پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اے این پی اور پیپلزپارٹی کو دعوت دینے پر بھی گفتگو کی گئی ۔ جبکہ تینوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ معاملات طے پانے کی صورت میں پیپلز پارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں دعوت دی جائے گی ۔ عید کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پی ڈی ایم ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر کو شامل کرنے کا مشورہ دیا گیا جس پر مولانا اور نواز شریف نے انکے مشورے کو سراہا اور حکومت مخالف تحریک میں مسئلہ کشمیر کو اہم جز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔