ملک بھر میں ایک ہی دن عیدالفطر منانے کی کوششیں تیز

ملک بھر میں ایک ہی دن عیدالفطر منانے کی کوششیں تیز

لاہور: رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں ایک ہی روز عیدالفطر منانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس مقصد کیلئے کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام سے رجوع کرنا شروع کر دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کی جانب سے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کیساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے عیدالفطر سے متعلق بیانات پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی اراکین نے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس قس کے بیانات سے ایسے علمائے کرام کی حوصلہ افزائی ہوگی جو ہمیشہ ملک میں الگ سے عیدین منانے کی روش پر قائم ہیں۔

اراکین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ایسا ہی ہوا تو رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے اس بار بھی ملک میں ایک سے زائد عیدیں کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ایک ایسا سال بھی آیا تھا جب ملک بھر میں چار، چار عیدیں منائی گئی تھیں۔

تاہم چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ اب کوشش کی جائے گی ایسا کچھ نہ ہو۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اس عمل میں شامل ہیں۔ مفتی پوپلزئی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ پورے ملک ایک ہی عید منانے میں ہمارا ساتھ دیں گے کیونکہ قاسم خان مسجد انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے روزے بھی ایک ہی دن سے رکھے جا رہے ہیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے مسجد قاسم خان کی انتظامیہ اور مفتی پوپلزئی سے یہ اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنا کوئی نمائندہ رویت ہلال کمیٹی میں بھیجیں لیکن اس کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔