سعودی عرب میں عید الفطر 13 مئی جمعرات کو منائی جائے گی

سعودی عرب میں عید الفطر 13 مئی جمعرات کو منائی جائے گی
سورس: file photo

ریاض ، سعودی عرب میں عیدالفطر 13 مئی کو منائی جائے گی ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا ۔

اہم اجلاس کے بعد ہونے والے اعلان کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عیدالفطر 13 مئی کو منائی جائے گی۔

تفصیلا ت کے مطابق  سعودی عرب میں 29ویں روزے کو ماہِ شوّال کا چاند دیکھنے کے لیے سرکاری کمیٹی کے اراکین  اور ماہرینِ فلکیات کی سُمیر اور تومیر کے مقامات پر  اہم بیٹھک ہوئی۔کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 15 منٹ پر چاند کی رویت نہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

 سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک میں چاند نظر نہ آنے کی صورت میں کل تیسواں روزہ رکھا جائے گا اور عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔

مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کا انعقاد کرونا ایس او پیز کے ساتھ کیا جائے گا۔ حکومت نے کرونا پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

کمیٹی اجلاس میں شرکت کرنے والے سرکاری فلکیاتی کمیٹی کے سربراہ عبداللہ الخودیری نے کہا تھا کہ ’آج چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ آج شام کو چاند کی پیدائش ہوگی اور وہ کل افق پر نمودار ہوگا‘۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے عید الفطر کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ جس کے مطابق بیس سے زائد افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے خبردار کیا تھا کہ کرونا کے پیش نظر بیس سے زائد افراد کسی بھی مقام پر جمع نہ ہوں۔

سعودی حکومت نے عید الفطر کے حوالے سے سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد عید الفطر پر سرکاری دفاتر میں 12 جبکہ نجی شعبے میں چار تعطیلات ہوں گی۔