پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کے کیس کا فیصلہ محفوظ

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کے کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج 3 بجے سنایا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کیس کی سماعت کی جس دوران نور عالم خان کے وکیل گوہر خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نور عالم نے پی ٹی آئی شوکاز نوٹس کے جواب میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی چھوڑی ہے اور نہ ہی پارلیمانی پارٹی چھوڑی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے بعد میں کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹ نہیں دینا، جو ثابت کرتا ہے پارٹی نے تسلیم کیا نور عالم ان کا رکن ہے۔نور عالم نے پی ٹی آئی کے کہنے پر تین اپریل کو اجلاس میں شرکت بھی کی تاہم اس کے بعد پارٹی کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق کوئی ہدایت نہیں کی گئی۔ 
نور عالم خان کے وکیل نے دلائل میں مزید کہا کہ نور عالم نے کسی اور پارلیمانی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی جس پر الیکشن کمیشن کے ممبر نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد کے دن ووٹ کاسٹ کیا؟ جس پر ان کے وکیل نے جواب دیا کہ نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کاسٹ نہیں کیا، اس لئے نور عالم خان پر آرٹیکل 63 ون (اے) کا اطلاق نہیں ہوتا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور ای سی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آج 3 بجے سنایا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں