ایم کیو ایم رہنماءعامر خان دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس میں بری

ایم کیو ایم رہنماءعامر خان دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس میں بری

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماءعامر خان سمیت دیگر 2 افراد منہاج قاضی اور رئیس مما کو دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس میں بری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل کے انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 7 نے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان و دیگر کے خلاف نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ 
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے میں استغاثہ کی جانب سے شواہد پیش کئے جانے میں ناکامی پر عامر خان، منہاج قاضی اور رئیس مما کو بری کر دیا۔ 
واضح رہے کہ مذکورہ مقدمے میں 2 ملزمان عمران اعجاز نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور عدالت نے دونوں ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے ہیں۔ 
پولیس کے مطابق ملزمان پر نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام تھا جس پر ان کے خلاف مارچ 2015ءمیں عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں