مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری، مزید3 کشمیری نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری، مزید3 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے جس نے ایک بار پھر سرچ آپریشن کی آڑ میں 3 کشمیری نوجوان شہید کر دئیے۔ 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ایک بار پھر قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ 
قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 کشمیری نوجوان شہید کر دئیے جس پر وادی بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ 
چند روز قبل قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کی گولی سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا جس کے باعث آج شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ 
مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی حلقہ بندیوں پر وادی بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے اور حریت پسند جماعتوں کی کال پر جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ 
گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 26 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا جبکہ پولیس شیلنگ، ہوائی فائرنگ، تشدد اور لاٹھی چارج سے 109 کشمیری زخمی ہوئے تھے۔

مصنف کے بارے میں