پاک بھارت کرکٹ سیریز، آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹانے کی تجویز

پاک بھارت کرکٹ سیریز، آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹانے کی تجویز

لاہور:  پاک بھارت سیریز کے معاملے میں عبدالقادر نے آئی سی سی کا دروازہ کھٹکھٹانے کی تجویز دے دی،سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا ہے کہ کرکٹ کی عالمی باڈی متعصبانہ رویہ ترک کرتے ہوئے اس معاملے میں اپناکردار ادا کرے،کوئی حل نہ نکلے تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مداخلت کرنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق ایم او یو کے تحت پڑوسی ملکوں کو 8سال میں 6باہمی سیریز کھیلناہیں،ان میں سے 4کی میزبانی پاکستان کو کرنالیکن بھارت مسلسل ٹال مٹول سے کام لیتا چلا آ رہا ہے،پی سی بی اس انکارپر زرتلافی حاصل کرنے کیلیے بھی کوشاں ہے۔ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالقادر نے کہاکہ آئی سی سی کو متعصبانہ رویہ ترک کرکے غلط پالیسی اختیار کرنے والے بھارتی بورڈ کا سامنا کرنا چاہیے،افسوس کی بات ہے کہ مشکوک بولنگ ایکشن پر پابندی کا معاملہ ہوتو کونسل فوری اقدامات اٹھاتی لیکن پاکستان کرکٹ کے مفاد کی بات ہو تو وہ کہیں نظر نہیں آتی،اگر کونسل اس معاملے میں مددنہیں کرتی توبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مداخلت کرتے ہوئے بی سی سی آئی کو مسئلے کا حل نکالنے کیلیے کہنا چاہیے،دونوں ممالک کے عوام باہمی میچز دیکھنا چاہتے ہیں،کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئیے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ باہمی سیریز کے حوالے سے ایم او یو ایک قانونی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے،اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،اگر بھارت انکار کرے تو اسے پاکستان کے نقصان کی تلافی بھی کرنا ہوگی۔