زرعی اراضی کوزرخیز بنانے اور پیداوار بڑھانے کیلئے خصوصی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

زرعی اراضی کوزرخیز بنانے اور پیداوار بڑھانے کیلئے خصوصی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد: پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں زراعت کے شعبے کی ترقی و توسیع کیلئے ایک دور رس نتائج کی حامل سکیم کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کسانوں کو جدید کاشتکاری کیلئے دور حاضر کے مطابق ان کی رہنمائی کے علاوہ کئی ایک اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ صوبہ بھر میں کاشتکاروں کی زرعی اراضی کوزرخیز بنانے اور پیداوار بڑھانے کیلئے 4847.308 ملین روپے سے اس منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس کے تحت صوبے بھر میں اطلاعات کی فراہمی کے یونٹ کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائیگا ۔

انہوں نے بتایا کہ زمین کی تجزیاتی رپورٹ کی لیبارٹریوں کو بھی مزید وسعت دی جائیگی اور ان کو جدید آلات فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے زرعی ٹیکنالوجی اور کاشت کیلئے رہنمائی کا نظام وضع کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کی مدد کیلئے ہیلپ لائن قائم کی جائیگی جس کے تحت کسان آئی وی آر سسٹم کے تحت اپنی شکایات کا اندراج کرا سکیں گے اسی طرح زرعی زمین کا ڈیٹا بیس جی آئی ایس نظام کے تحت میپنگ کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ 30 جون 2020ء تک پایہ تکمیل کو پہنچے گاجس کی تکمیل سے نہ صرف کاشتکاروں کو فائدہ ہو گا بلکہ زرعی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے کسانوں کو مالی طور پر مفادات حاصل ہو نے کے علاوہ صوبے کی زرعی معیشت پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔